Wednesday, July 23, 2014

Pakistan Increased Risk of Current Ruler's Rigging Than India





لاہور (17 مئی 2014) پاکستان کی موجودہ دھاندلی باز حکومت نے ہر دور میں قوم کو مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری کے تحفے دئیے ہیں، قوم کو ہندوستان سے زیادہ خطرہ ن لیگ کی حکومت سے ہے جو اپنی ہندوستان نواز پالیسی میں پاکستان کی زراعت سمیت ہر شعبہ کا گلا گھونٹ رہی ہے، 22 مئی کو پی پی 136 نارووال کے انتخابات میں پنجاب حکومت نے دھاندلی کا پورا پلان بنا رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تلونڈی بھنڈاراں نارووال میں پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار رانا استخار کے بہت بڑے انتخابی جلسہ میں مرکزی رہنما مونس الٰہی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی زراعت کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے، ہماری فصلیں کھیتوں میں کھڑی ہیں جبکہ منڈیوں میں ہندوستانی مال آ رہا ہے، چودھری پرویزالٰہی کے دور میں پنجاب کا خوشحال کسان اب بدحال کر دیا گیا ہے، ن لیگ پاکستانی معیشت کو تباہ کر کے ہندوستان کو خوش کر رہی ہے جس کا ایک اور کھلا ثبوت پاکستانی دریاؤں پر ہندوستان کے جابجا ڈیم تعمیر کرنے پر حکمرانوں کی پراسرار خاموشی ہے۔ سٹیج پر رانا محمد استخار امیدوار پی پی 136، باؤ رضوان، چودھری ظہیر الدین، کرنل (ر) عباس، رانا محمد یونس گاٹا، قاری محمد ارشد، رانا طاہر، حاجی طارق تبسم، رانا صابر علی، رانا علی اکبر اور چودھری ذوالفقار بھی موجود تھے۔
مونس الٰہی نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کے دریائے سندھ پر 9 مقامات پر ڈیم بنانے کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کر دئیے ہیں مگر پاکستانی حکمران کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا آغاز کرنے سے بھی قاصر ہیں، اگر یہ عوام کے خیر خواہ ہوتے تو کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے صوبوں کو قائل کر کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کرتے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت آ کر کیا پاکستان دشمنی کرے گی جب پاکستان کے موجودہ حکمران خود ہی پاکستان کے دشمن بن جائیں۔ مونس الٰہی نے سوال کیا کہ بے گناہ مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی کی کامیابی پر وزیراعظم نے کس منہ سے مبارکباد دی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ پر دھاوا بولنے والی ن لیگ اب افواج پاکستان اور آئی ایس آئی کے خلاف مہم جوئی کر رہی ہے مگر پاکستانی عوام اس وطن دشمن سازش کو نہ صرف ناکام بنا دیں گے بلکہ سازشیوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ مونس الٰہی نے عوام کو خبردار کیا کہ 22 مئی کو دھونس اور دھاندلی کا پورا پروگرام بنایا گیا ہے جس کے ذریعے عوامی مینڈیٹ ایک دفعہ پھر ہائی جیک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نارووال کے سرکاری اہلکاروں کو خبردار کیا کہ وہ دھاندلی کے اس پروگرام کا حصہ مت بنیں وگرنہ انہیں بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے نارووال کیلئے چودھری پرویزالٰہی کے پانچ سالہ دور حکومت میں کی جانے والی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے دور میں نارووال کی ترقی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ رکھا گیا جس سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال، نئے تعلیمی ادارے اور نئی سڑکوں کی تعمیر کی گئی، نارووال کے عوام کو گیس فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے نارووال میں ریسکیو 1122 اور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کا قیام بھی اسی دور میں ہوا جبکہ چودھری پرویزالٰہی نے یہاں جدید آئی ٹی یونیورسٹی تعمیر کروائی تھی جسے موجودہ حکمرانوں نے بچوں کا سکول بنا دیا ہے، ن لیگ نے نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے قائم لاہور میں تعمیر شدہ شاندار آئی ٹی ٹاور کو چلنے دیا اور نہ ہی نارووال میں تعمیر شدہ آئی ٹی یونیورسٹی کو۔ انہوں نے عوام کو یاد دلایا کہ سائیکل کا نشان پنجاب کی ترقی کی علامت ہے۔ نارووال آمد پر مونس الٰہی کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔




No comments:

Post a Comment