Monday, February 2, 2015

حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے سوتیلوں جیسا سلوک کر رہی ہے: سپین کے وفد کی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے ملاقات


حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے سوتیلوں جیسا سلوک کر رہی ہے: سپین کے وفد کی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے ملاقات
چودھری شجاعت حسین کی جانب سے شروع کرائی گئی پی آئی اے کی لاہور بارسلونا پرواز اور میت پاکستان فری لانے کی سہولت ختم کرنے پر بھی احتجاج



لاہور(01فروری2015) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے سپین میں مقیم پاکستانیوں کے ایک وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ مہر عرفان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے اس بات پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا کہ چودھری شجاعت حسین کی جانب سے شروع کرائی گئی لاہور سے براہِ راست بارسلونا سپین آنے جانے والی پی آئی اے کی پرواز بند کر دی گئی ہے جس سے انہیں آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، یہی نہیں بلکہ وہاں انتقال کر جانے والے پاکستانیوں کی میت پی آئی اے کے ذریعہ بلامعاوضہ وطن لانے کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے، یہ سہولت بھی چودھری شجاعت حسین کی ہدایت پر دی گئی تھی۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت غیر ممالک سے اربوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھجوانے والے پاکستانیوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے، پاکستان میں اور بیرون ملک ان کے مسائل کے حل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، انہیں سہولتیں اور مراعات دینے کی بجائے پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے دلائی گئی سہولتیں بھی ان سے چھینی جا رہی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد کے مطالبات کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے اہل خانہ سے ہزاروں میل دور دن رات محنت کر کے جو بھی کماتے ہیں پاکستان بھیج دیتے ہیں اور اس طرح ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں دی گئی سہولتیں ختم کرنا نہایت افسوسناک ہے۔ وفد میں مہر فیاض، عثمان چودھری، چودھری عمران اختر، میاں ذاکر عباس، چودھری اشفاق دیو، عدیل اختر کائرہ اور عمر اختر بھی شامل تھے

No comments:

Post a Comment